عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/خصوصی اینٹی ٹیرر کورٹ، پٹیالہ ہاؤس، نئی دہلی نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی دہلی دھماکے کے خودکش بمبار کے ایک اور قریبی ساتھی، جاسر بلال وانی، کی 10 روزہ حراست منظور کر لی۔تفصیلات کے مطابق، جاسر المعروف دانش کو اینٹی ٹیرر ایجنسی نے آج دوپہر پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا۔ جاسر، جو جموں و کشمیر کے قاضی گنڈ کا رہائشی ہے، کو این آئی اے نے پیر کے روز دہلی دھماکے کیس میں گرفتار کیا تھا۔عدالت نے دہلی کے خودکش بمبار ڈاکٹر عمر محمد کے ایک اور کلیدی ساتھی جاسر کی 10 روزہ تحویل این آئی اے کے سپرد کر دی۔ گزشتہ ہفتے دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب ایک کار میں ہونے والے دھماکے میں ایک درجن سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اتوار کے روز، این آئی اے نے اس کیس میں پہلی بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خودکش بمبار کے دوسرے ساتھی عامر علی کو گرفتار کیا تھا۔این آئی اے کے مطابق، تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جاسر نے ڈرونز میں تبدیلی اور راکٹ بنانے کی کوشش کر کے حملے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کی تھی۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور پر عمر کا قریبی ساتھی تھا اور دھماکے کی منصوبہ بندی میں فعال کردار ادا کر رہا تھا۔
این آئی اے نے مزید کہا کہ وہ دھماکے کی سازش کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کرنے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ اینٹی ٹیرر ایجنسی کی متعدد ٹیمیں ملک کی مختلف ریاستوں میں چھاپے مار کر لاقلعہ حملے میں ملوث ہر شخص کی نشاندہی کر رہی ہیں۔
دہلی دھماکہ :این آئی اے کو جاسر بلال کی 10 روزہ حراست مل گئی