سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے منگل کے روز آر پار تجارت سے جڑے دو تاجروں کو گرفتار کی ہے۔
این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک کیس زیر نمبر 17/2016کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے تنویر احمد وانی ولد غلام احمد وانی ساکن اچھ گوزا راجپورہ پلوامہ اور پیر ارشید اقبال عرف آشو ولد پیر غیاث الدین ساکن خواجہ باغ بارہ مولہ کو حراست میں لے لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ، یہ مقدمہ جموں وکشمیر اور پاکستان کے درمیان آر پار تجارت کے ذریعے اضافی منافع کمانے اور جموں وکشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں کو ہوا دینے کے لئے مبینہ طور پر ان فنڈز کا استعمال کرنے سے متعلق ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تاجروں کے ذریعے درآمدی اور برآمدی اشیاء کے ذریعے اضافی منافع کمایا گیا۔
این آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان آر پار تاجر ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے ناموں ، دوستوں ، رشتہ داروں ، خاندان کے افراد وغیرہ کے ناموں پر رجسٹر کئی فرموں کو بھی سنبھال رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ افراد مختلف ملی ٹینٹ تنظیموں ، جنگجو اعانت کاروں ، سنگبازوں وغیرہ کو رقومات فراہم کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ معاملے کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
فنڈنگ معاملہ: این آئی اے نے آر پار تجارت سے جڑے دو تاجروں کو حراست میں لیا