عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے تمام سیاحوں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جن کے پاس پہلگام دہشت گردانہ حملے سے متعلق مزید معلومات، تصاویر یا ویڈیو ہوں، وہ فوری طور پر ایجنسی کے ساتھ رابطہ کریں۔
ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی نے پہلے ہی حملے کے مختلف پہلوؤں کو ظاہر کرنے والی بڑی تعداد میں تصاویر اور ویڈیوز اپنے قبضے میں لے لی ہیں اور ان کی جانچ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاایجنسی نے اب اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ انسانیت کے خلاف اس ہولناک جرم کی تحقیقات میں کوئی مفید معلومات یا ثبوت ضائع نہ ہوں۔
آج اپنی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعہ جاری کردہ ایک اپیل میں این آئی اے نے ایسے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایجنسی کو موبائل نمبر 9654958816 اور/یا لینڈ لائن نمبر – 01124368800 پر کال کریں اور اپنی ذاتی تفصیلات فراہم کریں اور اس قسم کی معلومات یا ان پٹ کی تفصیلات بھی بتائیں جو وہ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
بیان میں کہا گیااس کے بعد این آئی اے کا ایک سینئر اہلکار کال کرنے والے سے رابطہ کرے گا اور متعلقہ معلومات/تصاویر/ویڈیوز وغیرہ کو ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنے کا بندوبست کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ این آئی اے، جو کہ سرکاری طور پر حملے کی تحقیقات کی انچارج ہے، حملہ آوروں اور ان کے طریقہ کار کے بارے میں کسی بھی ممکنہ سراغ کو تلاش کرنے کے لیے اس طرح کی تمام معلومات، تصویروں اور ویڈیوز کی تفصیل سے جانچ کرنا چاہتی ہے۔
انہوں ںے کہاسیاحوں اور دیگر لوگوں نے دانستہ یا نادانستہ طور پر کچھ متعلقہ تفصیلات دیکھی، سنی ہیں یا کلک کی ہیں جو کشمیر میں سیاحوں پر غیر معمولی ٹارگٹ حملے کے پیچھے کی سازش کو بے نقاب کرنے میں این آئی اے کی مدد کر سکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 22 اپریل 2025 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کئی تصاویر اور ویڈیوز گردش میں ہیں جس میں 26 سیاحوں موت اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
انہوں نے کہاانسداد دہشت گردی ایجنسی ان تمام معلومات کے ساتھ ساتھ اُن تمام معلومات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے جو ان لوگوں کے قبضے میں ہو سکتی ہیں جو اس بدترین دن یا اس سے پہلے علاقے میں موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا: این آئی اے کی ٹیمیں ثبوت کے لیے حملے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے پہلگام میں کیمپ لگا رہی ہیں اور اس بھیانک جرم کے گواہوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔
این آئی اے کی لوگوں سے پہلگام حملے کے بارے میں معلومات شیئر کرنے کی اپیل
