عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/محکمہ موسمیات مرکز سرینگر نے ایک نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں مسلسل بارشوں کے باعث بڑھتی ہوئی پانی کی سطح کے بارے میں خبردار کیا ہے، جبکہ ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے محکمہ.موسمیات کی پیش گوئی کے بعد موسم کی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شدید بارش، گرج چمک، بادل پھٹنے، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مختار احمد، ڈائریکٹر موسمیات مرکز سرینگر نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹے پورے خطے کے لیے “انتہائی اہم” ہیں۔
انہوں نے کہا، “مسلسل بارش کے باعث آج شام تک دریائے جہلم کے درمیانی اور نچلے حصوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس کے بعد پانی کی سطح بتدریج کم ہونا شروع ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا، گزشتہ ہفتے سے جموں خطے میں بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ نچلے علاقوں میں رہائش پذیر لوگ محفوظ اور چوکس رہیں۔
اس دوران، ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے 26 اگست سے یکم ستمبر 2025 تک کے لیے موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شدید بارش، گرج چمک، بادل پھٹنے، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں عام عوام، بالخصوص فقیر گجری اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں اور کھن موہ کے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے تک ڈھلوانوں اور آبی ذخائر کے قریب جانے سے گریز کریں۔
اسی طرح، سیاحوں، مقامی شکاریہ (کشتی بانوں) اور دریائے جہلم سمیت دیگر آبی ذخائر پر ریت نکالنے والے مزدوروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حالات کی تصدیق کیے بغیر پانی عبور کرنے یا اس میں جانے کی کوشش نہ کریں۔
کسی بھی اطلاع یا مدد کے لیے عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر سرینگر، ایمرجنسی ریسپانس سپورٹ سسٹم (ERSS) سرینگر اور پولیس کنٹرول روم سرینگر سے رابطہ کریں۔ ایڈوائزری میں درج ذیل نمبر فراہم کیے گئے ہیں:
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) سرینگر: 0194-2457543، 0194-2483651، 0194-2457552
ایمرجنسی ریسپانس سپورٹ سسٹم (ERSS) سرینگر: 112
پولیس کنٹرول روم سرینگر: 0194-2477567
یہ نوٹس اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سرینگر کی جانب 26 اگست 2025 کو جاری کیا گیا۔