سرینگر// سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر مرکزی حکومت کی جانب سے سات روزہ سوگ کے اعلان کے باعث جموں و کشمیر میں نئے سال کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر سات روزہ قومی سوگ کے اعلان کے بعد جموں و کشمیر کے کسی بھی سرکاری محکمے کی جانب سے نئے سال کی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔
تاہم، حکام نے کہا کہ سیاحت کے محکمے کی جانب سے ونٹر کارنیول کی تقریبات 2 جنوری 2024 سے پہلگام میں شروع ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا، “جنوری کے وسط میں گلمرگ ونٹر کارنیول منایا جائے گا۔ نیشنل ٹورزم ڈے کی تقریب سرینگر میں منعقد کی جائے گی، جبکہ سونمرگ، دودھ پتھری، لولاب اور دیگر مقامات پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا”۔
سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ جمعرات کو دہلی کے ایمز اسپتال میں بڑھتی عمر سے متعلقہ مسائل کے باعث 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کے بعد مرکزی حکومت نے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا، جس دوران قومی پرچم سرکاری عمارتوں پر سرنگوں رہے گا اور تمام سرکاری تقریبات اور جشن ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے انتقال پر سات روزہ سوگ، جموں و کشمیر میں نئے سال کی تقریبات منسوخ
