نہرو، عبداللہ اور مفتی پریوار نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا : مرکزی وزیر جی کشن ریڈی

  • جموں//مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے پیر کے روز کہاکہ نہرو ، عبداللہ اور مفتی پریوار نے گزشتہ ستر برسوں سے جموں وکشمیر کو دو دو ہاتھوں لوٹا ہے۔
    انہوں نے کہاکہ تینوں خاندانوں نے جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی کی خاطر مختص رقومات کو لوٹ کر لندن کے بینکوں میں جمع کر رکھا ہے۔
    ان کے مطابق دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔
    ان باتوں کا اظہار موصوف نے بانی کٹھوعہ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
    انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر گزشتہ پانچ برسوں سے جو کام کیا اس کے اب مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
    مرکزی وزیر نے کہا :’دفعہ 370کی منسوخی سے ہی جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا اور سبھی کو مساوی بنیادوں پر انصاف فراہم ہوا۔ ‘
    ان کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا۔
    انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھایا گیا اور لوگوں کے مسائل بھی حل ہوئے۔
    مرکزی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی بدولت جموں وکشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی کا دور چل رہا ہے۔
    جی کشن ریڈی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جموں وکشمیر کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔
    انہوں نے کہا :’اسمبلی چناو میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ عبداللہ ، مفتی اور نہرو خاندانوں نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا بھی استحصال کیا ہے۔‘
    مرکزی وزیر کے مطابق ہمیں پوری امید ہے کہ اس بار جموں وکشمیر میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔