عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// نیٹ امتحان کے تنازعہ کے درمیان، مرکزی حکومت نے ہفتہ کی رات این ٹی اے(نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی) کے ڈائریکٹر جنرل سبودھ کمار سنگھ کو ہٹا دیا ان کی جگہ پردیپ سنگھ کھرولا کو نیا ڈی جی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ کرناٹک کیڈر کے 1985 بیچ کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ مسٹر پردیپ سنگھ انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سی ایم ڈی بھی ہیں۔
یکم مئی 2024 کو، انہیں اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے چیئرمین کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ دریں اثنا، 23 جون کو ہونے والا نیٹ- پی جی امتحان بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس کا انعقاد نیشنل بورڈ آف ایجوکیشن ان میڈیکل سائنسز (این بی ای ایم ایس) کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہ امتحان اتوار کو 300 شہروں کے 1000 سے زیادہ مراکز پر ہونا تھا۔
قبل ازیں سہ پہر، وزارت تعلیم نے بے ضابطگیوں کو روکنے اور این ٹی اے امتحانات میں شفافیت لانے کے لیے 7 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اعلان کیا۔ اسرو کے سابق چیئرمین اور آئی آئی ٹی کانپور کے سابق ڈائریکٹر رادھا کرشنن اس کے سربراہ ہوں گے۔ یہ کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ وزارت تعلیم کو پیش کرے گی۔