عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر چوہدری محمد رمضان کو جموں و کشمیر سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب قرار دیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری سرکاری اعلان کے مطابق، انہوں نے 58 ووٹ حاصل کیے۔
رمضان کی جیت جاری راجیہ سبھا انتخابات کا پہلا باضابطہ نتیجہ ہے، جس میں 85 ارکانِ اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ نیشنل کانفرنس کی قیادت والے اتحاد کی حمایت یافتہ رمضان نے اپنی جماعت کی عددی برتری کے باعث فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق، ایوان میں این سی کی مضبوط پوزیشن نے رمضان کی جیت کو یقینی بنایا، جبکہ پارٹی کے مزید دو امیدواروں کی بھی آسانی سے کامیابی متوقع ہے۔ اسی دوران، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک امیدوار کے بھی جیتنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
کامیابی کے بعد چوہدری محمد رمضان نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس کامیابی کو “جموں و کشمیر کی سیاسی وقار اور جمہوری آواز کے تحفظ کا مینڈیٹ” قرار دیا۔
باقی نشستوں کی گنتی ابھی جاری ہے اور باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
نیشنل کانفرنس کے چوہدری محمد رمضان راجیہ سبھا نشست سے کامیاب