عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کانگریس کے چیف وہپ اور بانڈی پورہ کے ایم ایل اے نظام الدین بٹ نے جمعہ کو کہا کہ نیشنل کانفرنس راجیہ سبھا کی تمام چار نشستیں جیتے گی اور کراس ووٹنگ کا کوئی امکان نہیں ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بٹ نے کراس ووٹنگ کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے الزامات ارکان اسمبلی کی ایمانداری پر سوال اٹھانے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراس ووٹنگ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ کوئی رکن اس کے لیے تیار نہیں ہوگا۔ ’’ہر پارٹی نے اپنی ووٹنگ پوزیشن واضح کی ہے۔ این سی کے اپنے اراکین ہیں جبکہ کانگریس، پی ڈی پی اور آزاد امیدوار بھی ان کے ساتھ ہیں،‘‘ بٹ نے کہا، ’’ان نمبروں کے ساتھ یہ بات بالکل واضح ہے کہ این سی چاروں نشستیں حاصل کرے گی۔‘‘
بٹ نے مزید کہا کہ ہر ایم ایل اے کا کردار اہم ہے، خاص طور پر آزاد امیدواروں کا۔ ’’آزاد امیدواروں کے ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کے ووٹ کی جانچ کوئی نہیں کر سکتا، جبکہ تسلیم شدہ پارٹیوں کے ووٹ مجاز ایجنٹ کو دکھانے ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ صاف ظاہر ہے کہ کس نے کس کے حق میں ووٹ دیا۔
انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود کو اقدار پر مبنی جماعت کہنے والی پارٹی کھلے عام کہہ رہی ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے جیتے گی، جو ایک مضحکہ خیز دعویٰ ہے اور پارٹی کی شفافیت پر سوال اٹھاتا ہے۔ ’’انہیں اس طرح کی حرکتوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے ـ
نیشنل کانفرنس چاروں نشستیں جیتے گی، کراس ووٹنگ کا کوئی سوال ہی نہیں: نظام الدین بٹ