عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکمران جماعت نیشنل کانفرنس نے کہا کہ وہ اسپیکر عبد الرحیم راتھر کے خلاف کشمیر مقیم اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت نہیں کرے گی۔
اسمبلی اسپیکر کی جانب سے اجلاس ملتوی کیے جانے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے این سی کے ایم ایل اے سلمان ساگر نےکہا کہ ان کی پارٹی تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت نہیں کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا پارٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت کرے گی، انہوں نے دو ٹوک جواب دیا: “نہیں، ہرگز نہیں”۔
یہ تحریک اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسپیکر کی طرف سے وقف (ترمیمی) بل 2025 پر بحث کی اجازت نہ دینے کے ردعمل میں پیش کی گئی ہے۔
پی ڈی پی اور پی سی کے ایم ایل ایز کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے:یہ فیصلہ ایوان میں اسپیکر کے اقدامات پر پائی جانے والی شدید ناراضگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جن میں ایک التواء کی تحریک پر بحث کی اجازت دینے سے انکار اور اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو مسترد کرنا شامل ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہےایسا طرز عمل اس معزز ادارے کی جمہوری اصولوں اور طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے یہ قرارداد پیش کی گئی ہے تاکہ اس معاملے کو اجاگر کیا جا سکے۔
این سی نے اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت کو مسترد کر دیا
