عظمیٰ ویب ڈیسک
بانہال/سینئر کانگریس رہنما اور سابق ایم ایل اے بانہال وِقار رسول وانی نے نیشنل کانفرنس حکومت اور مقامی ایم ایل اے گول بانہال پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے گول بانہال انتخابی حلقے میں عوامی مسائل حل کرنے میں انتہائی غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔بانہال میں پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے وِقار رسول وانی نے دعویٰ کیا کہ راجیہ سبھا انتخابات کے دوران این سی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا تاکہ بی جے پی کی جیت یقینی بنائی جا سکے، جو کہ جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں نے مقامی ایم ایل اے پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل کو نظر انداز کر رہے ہیں اور اسمبلی میں گول بانہال حلقے کے عوام کی آواز بلند کرنے کے بجائے زیادہ وقت این سی لیڈروں کی تعریف کرنے میں گزارتے ہیں۔اس سے قبل، وِقار رسول نے بانہال میں کانگریس کارکنوں کی میٹنگ کی صدارت کی، جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی جو ایس ڈی ایم آفس بانہال تک پہنچی، جہاں ایک یادداشتِ مطالبات جمع کرائی گئی۔
یادداشت میں پسماندہ علاقوں کے کوٹے کو 20 فیصد تک بڑھانے، بجلی کے بلوں میں کمی، اور بانہال اسپتال میں خالی طبی آسامیوں کو پُر کرنے، بالخصوص ماہرِ امراضِ نسواں (گائناکالوجسٹ) کی آسامی فوری طور پر پُر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔کانگریس رہنما وقار رسول نے کہا کہ عوام کو مقامی ایم ایل اے نے وعدوں کے باوجود نظر انداز کیا ہے، اور خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبات پر توجہ نہ دی تو احتجاجی تحریک میں شدت لائی جائے گی۔
این سی حکومت گول بانہال حلقے کے عوامی مسائل کاازالہ کرنے میں غیر سنجیدہ :وقار رسول وانی