عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس نے یوتھ نیشنل کانفرنس (YNC) کے حالیہ نامزد عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق یہ تبدیلی ایک نازک وقت پر عمل میں آئی ہے، جب جموں و کشمیر کے نوجوان کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں سماجی و اقتصادی مسائل، وسائل تک محدود رسائی، اور فیصلہ سازی میں بہتر نمائندگی کی مانگ شامل ہے۔
ایک بیان میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور قانون سازوں شمیمہ فردوس، سلمان علی ساگر اور احسان پردیسی نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت اپنے پیشروؤں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نوجوانوں کی بھرپور نمائندگی کرے گی اور ان کے مسائل کو اجاگر کرے گی۔
سلمان علی ساگر نے کہا،یہ لمحہ ہماری پارٹی کے لیے تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ نئی قیادت میں باصلاحیت اور تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں، جن میں تحقیقی ماہرین، ٹیکنالوجی گریجویٹس اور نوجوان دانشور شامل ہیں۔ ان کا تجربہ انہیں معاشرے کی بہتر خدمت کے قابل بناتا ہے اور انہیں شیرِ کشمیر کے مشن کو آگے بڑھانے کا اہل بناتا ہے، جس کا واحد مقصد پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود اور بے آوازوں کی آواز بننا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں نوجوانوں کی سیاسی میدان میں شمولیت نہایت اہم ہے، کیونکہ موجودہ مسائل جدید حل اور ہمدردانہ نقطۂ نظر کے متقاضی ہیں۔ یوتھ نیشنل کانفرنس کو نہ صرف نوجوانوں کی امنگوں کی ترجمانی کرنی چاہیے بلکہ ان کے مسائل کا حل پیش کرنے والی پالیسیاں بھی بنانی چاہئیں۔ ہم نئے قائدین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھیں، ان کے بیانیے کو سنیں اور ان کے تجربات کو عملی اقدامات میں ڈھالیں۔
احسان پردیسی نے کہا کہ نوجوان معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے ان کی ضروریات اور امیدوں کو ترجیح دینا لازمی ہے۔ نئی قیادت تبدیلی اور ترقی کی مؤثر آواز بن سکتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اس چیلنج پر پورا اتریں گے اور بااختیاری اور مواقع کی راہ ہموار کریں گے۔ ہمیں مل کر ایسے پلیٹ فارم بنانے ہوں گے جو بات چیت کو فروغ دیں اور نئے خیالات کی آبیاری کریں۔
شمیمہ فردوس نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی کہ نئی قیادت پارٹی کے اہداف کو آگے لے جائے گی۔ ہم ان کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ موجودہ وقت میں بے روزگاری اور تعلیم جیسے فوری مسائل پر نئی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ
عرفان زہگیر کویوتھ نیشنل کانفرنسکشمیر کانیا نائب صدر بنایا گیا ہے،عرفان نے پبلک ایڈمنسٹریشن سے ڈگری یافتہ ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے یوتھ ونگ میں اسکول کے دنوں میں شمولیت اختیار کی، بعد ازاں بلاک صدر اور جوائنٹ سیکریٹری بھی رہے۔
اسی طرح سے عابد وانی کو نائب صدر (سرینگر) کے بطور ذمہ داری سونپی گئے ہیں ،وانی نے کرناٹک سے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے ۔ وہ 4 برس تک صوبائی سیکریٹری اور یوتھ ونگ کے میڈیا پینلسٹ بھی رہےہیں۔
ادھر ایڈوکیٹ پیرزادہ مشرف کو جنوبی کشمیر کا نائب صدر نامزد کیا گیا، مشرف نے جموں یونیورسٹی سے ایم اے، ایل ایل بی کیا ہے ۔ کالج کے دنوں سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ ضلع صدر اننت ناگ اور یوتھ ونگ جنوبی کشمیر کے زونل صدر بھی رہ چکے ہیں۔
بلال گنائی، جو ضلع صدر سرینگر رہے ہیں اب وائی این سی کشمیر کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری نامزد ہوئے ہیں۔ ان کے والد ایک نمایاں سیاسی کارکن تھے جنہیں شہید کر دیا گیا تھا۔
رئیس متو جو کہ اِس سے قبل ضلع بڈگام کے یوتھ ونگ کے صدر رہےہیں اب یوتھ نیشنل کانفرنس کشمیر کے مرکزی زون کے سربراہ نامزد ہوئے ہیں۔متو نے ایم اے پبلک پالیسی و ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔
زاہد مغل یوتھ نیشنل کانفرنس شمالی کشمیر کے زونل صدر مقرر ہوئے ہیں۔ وہ ایک نچلی سطح کے سرگرم کارکن ہیں، جنہوں نے ضلع کپواڑہ سمیت پوری قیادت کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
فیروز وانی کو جنوبی کشمیر کے نئے زونل سربراہ کے بطور ذمہ داری سونپی گئی ہے ، اس سے قبل فیروز وانی زونل سیکریٹری اور نائب صدر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں ۔ حالیہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں وانی نے اہم کردار ادا نبھایا ہے۔