سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو کہا کہ سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ کو بانہال سے جوڑنے والی نیو یوگ سرنگ کا نام سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے لیے بہت کام کیا تھا۔
انہوں نے کہا، “ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورِ حکومت میں سرینگر-جموں قومی شاہراہ کی فور لیننگ کا کام شروع کیا گیا تھا۔ آج کل جموں اور سرینگر کے درمیان فاصلہ پانچ گھنٹوں میں طے ہو جاتا ہے اور یہ ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے”۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیو یوگ ٹنل کا نام ڈاکٹر منموہن سنگھ سرنگ رکھا جانا چاہیے۔ “چاہے کوئی بھی شاہراہ پر نئے ٹنلوں کا کریڈٹ لے، لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ کی ترقی کے لیے عمل ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا”۔
وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک سچا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جموں و کشمیر کے لیے کی جانے والی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا، “ڈاکٹر سنگھ کے دور میں ہی کشمیر پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی تھی، مذاکرات کاروں کا تقرر کیا گیا، ایل او سی کے پار تجارت کا آغاز کیا گیا، جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے خصوصی سکالرشپ سکیم متعارف کرائی گئی، کشمیری پنڈتوں کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے اور جموں اور کشمیر کے عوام کو مساوات دینے کے لیے کئی دیگر اقدامات کیے گئے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کبھی اپنے کاموں کا ذکر نہیں کرتے تھے، لیکن وہ ہمیشہ اپنی دھرتی کے سچے بیٹے کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔
نویوگ ٹنل کا نام ڈاکٹر منموہن سنگھ سے منسوب کیا جانا چاہئے: عمر عبداللہ
