عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ کشتواڑ اور اودھم پور اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں سے ہونے والے بھاری نقصان کے بعد سڑک رابطہ بحال کرنے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری سے کشتواڑ تک قومی شاہراہ – 244 سلائیڈ ایریا کو بائی پاس کرتے ہوئے کھلی ہے، جبکہ کشتواڑ-چترو-سنتھن ٹاپ روڈ کو گذشتہ بھاری چٹانوں کو ہٹانے کے لیے کیے گئے بلاسٹنگ کام کے بعد آج کھول دیا جائے گا۔موصوف مرکزی وزیر نے یہ جانکاری ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ اودھم پور ضلع میں 4 سو تباہ شدہ سڑکوں میں سے 50 فیصد سے زیادہ پہلے ہی بحال ہو چکی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ناساز موسم کے باوجود سری نگر – جموں قومی شاہراہ کی بحالی جنگی بنیادوں پر جاری ہے، اور توقع ہے کہ موافق موسمی صورتحال رہنے پر یہ ایک یا دو دن میں دوبارہ کھل جائے گی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ گورڈی، لٹی، دودو اور بسنت گڑھ جیسے دور افتادہ علاقوں میں رابطہ بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ رام نگر، مونگری، لٹی اور بسنت گڑھ کے کچھ حصوں میں پانی کی سپلائی اب بھی متاثر ہے لیکن متبادل سپلائی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔
ضلع رام بن کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں لوگوں کی ہموار نقل و حرکت اور ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور 85 فیصد تک سڑک رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی اور دیگر ضروری خدمات کو تیزی سے بحال کیا جا رہا ہے۔