محمد تسکین
بانہال// اتوار کی علی الصبح شدید بارشوں کے نتیجے میں متعدد مقامات پر بھاری پسیوں اور سڑک کے نکل جانے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت پیر کو دوسرے روز بھی بند رہی۔
نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرشوتم کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن ضلع میں ایک درجن سے زائد متاثرہ مقامات پر شاہراہ پر گر آئے ہزاروں ٹن ملبے اور مٹی کے تودوں کو صاف کرنے کا کام جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کی بحالی میں مزید قریباً ایک ہفتہ کا وقت لگ سکتا ہے کیونکہ جگہ جگہ گر آئے بھاری ملبہ کو سڑک سے صاف کرکے ٹھکانے لگانے میں وقت لگے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رام بن اور ماروگ کے درمیان نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کی مشینری ملبے کے نیچے دب گئی ہے اور اب نئے انتظامات کرکے شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے شاہراہ کی تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے رہیں۔اس دوران ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ اور ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے راجہ عادل حمید کے ہمراہ بحالی کے جاری کام کا جائزہ لیا ۔
رام بن ضلع میں موسمی تباہی کے باعث قومی شاہراہ دوسرے روز بھی بند، بحالی کیلئے قریباً ایک ہفتہ درکار : پروجیکٹ ڈائریکٹر ،این ایچ اے آئی
