عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر // پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر نعیم اختر نے جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے بانی مولانا غلام قادر اور مہتم مولانا سعید احمد کے برادر اصغر حافظ رشید احمد بانڈے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حافظ رشید احمد بانڈے کی وفات دل کے دورے کے باعث 9 دسمبر کو سرینگر کے SKIMS میں ہوئی۔ ان کے انتقال کی خبر سے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑا گئی۔
نعیم اختر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حافظ رشید احمد بانڈے ایک نہایت متدین اور محنتی شخصیت تھے جنہوں نے دینی تعلیم کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اُنہوں نے بانی ضیا العلوم مولانا غلام قادر، مہتم مولانا سعید احمد بانڈے اور دیگر پسماندگان کے ساتھ دکھ کی گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
حافظ رشید احمد بانڈے کی تدفین جامعہ ضیاء العلوم پونچھ میں کی گئی، جہاں ان کی آخری رسومات میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں اور ہزاروں مقامی افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقے کے عوام نے حافظ رشید احمد بانڈے کی شخصیت اور ان کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔