عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// اسمبلی انتخابات کے درمیان سابق ایم ایل سی اور پونچھ ضلع کے سینئر سیاسی لیڈر مرتضیٰ احمد خان نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
خان نے بی جے پی جموں و کشمیر انچارج اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، بھاجپا جموں و کشمیر صدر رویندر رینہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اُنہوں نے اسمبلی حلقہ مینڈھر سے بی جے پی کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کے خواہاں ہیں تاہم مینڈھر سے بھاجپا کے دیگر لیڈران بھی اسی دوڑ میں شامل ہیں، جہاں مرتضیٰ خان کیلئے بھاجپا سے سیٹ حاصل کرنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ پارٹی کے ساتھ پرانی وابستگی رکھنے اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کیلئے کام کرنے والے دیگر لیڈران مرتضیٰ خان کو ٹکٹ ملنے پر بی جے پی کی حمایت کر سکتے ہیں۔
قبل ازیں، لوک سبھا انتخابات کے درمیان مرتضیٰ خان نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا تھا۔
مرتضیٰ خان نے کہا تھا کہ پہاڑی قبیلے کے لوگ بی جے پی کی جانب سے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کے لیے امیدوار کھڑا نہ کرنے کے بعد مایوسی اور ناخوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ مرتضیٰ خان نے مزید کہا تھا کہ وہ بھاجپا کے پراکسی امیدوار کی حمایت نہیں کریں گے۔ اُنہوں راجوری اور پونچھ کے پہاڑی لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ 25 مئی کو اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ پر پولنگ والے دن محبوبہ مفتی کے حق میں اپنا ووٹ ڈالیں۔
بتادیں کہ سابق ممبر قانون سازکونسل ایڈووکیٹ مرتضیٰ خان پی ڈی پی کے بنیادی رکن تھے جو 2014 کے اسمبلی الیکشن سے قبل تنظیم سے علیحدہ ہوگئے تھے۔
مرتضیٰ خان نے 2014کے اسمبلی انتخابات مینڈھر اسمبلی حلقہ پر کانگریس کی ٹکٹ پر لڑے تھے تاہم وہ محض 7 ہزار ووٹ ہی حاصل کر پائے تھے۔