عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی 135ویں جینتی پر ہر کوئی انہیں یاد کر رہا ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس رہنما سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت تمام رہنماؤں نے بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے امبیڈکر جینتی کے موقع پر پیر کو پارلیمنٹ احاطہ میں ’پریرنا استھل‘ پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب کی تحریک کی وجہ سے ہی ملک آج سماجی انصاف کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے وقف ہے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں لکھا، ’’ہندوستانی آئین کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جی کو ان کے یوم پیدائش پر صادر سلام۔ ملک کی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہر ہندوستانی کے یکساں حقوق کے لیے، ہر طبقہ کی حصہ داری کے لیے ان کی جدوجہد اور تعاون، آئین کی حفاظت کی لڑائی میں ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔‘‘
واضح رہے کہ بابا صاحب امبیڈکر کو درج فہرست ذاتوں کو بااختیار بنانے کے لیے پوری زندگی کی ان کی جدوجہد اور آئین کا مسودہ تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ دلت کنبہ میں 1891 میں پیدا ہوئے امبیڈکر ایک ہونہار طالب علم تھے جو بیرون ملک مطالعہ کرنے گئے تھے۔ ہندوستان سماج میں ان کے ذریعہ جھیلے گئے امتیازی سلوک نے انہیں ایک پُرعزم سماجی مصلح بنا دیا تھا۔ وہ ہندوستان کے پہلے وزیر قانون بھی تھے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کا 1956 میں انتقال ہوا تھا۔
مرمو، مودی، سونیا، راہل سمیت تمام رہنماؤں کا ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت
