مغل روڈ مسلسل بند، سڑک کی سطح کو بہتر بنانے کیلئے کام جاری

عشرت حسین بٹ

پونچھ// تاریخی مغل شاہراہ کی سطح خراب ہونے اور کئی مقامات پر پتھر اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے ٹریفک آمدورفت بدھ کی بعد دوپہر سے مسلسل بند ہے، تاہم بحالی کا کام جاری ہے۔
حکام نے بھی بتایا کہ شاہراہ پر جمعرات کو بارش کے باوجود بھی ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا تاہم مکمل بحالی میں مزید وقت درکار ہے۔
مغل سڑک پر تعینات ایک افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کو شاہراہ پر مختصر سے وقت کے لیے ٹریفک آمد و رفت جاری تھی اور اس دوران سینکڑوں گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا تاہم بدھ کو بعد دوپہر متعدد مقامات پر بھاری پسیاں اور بڑے بڑے پتھر گر آئے جس کی وجہ سے شاہراہ ایک مرتبہ ٹریفک آمد و رفت کے لیے بند ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعہرات کو بھی سڑک سے پسیاں اور بڑے پتھر ہٹانے کا کام جاری رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ بفلیاز سے پیر کی گلی کی طرف کلو میٹر39پر کئی مقامات پر پسیاں گرآئی ہیں وہیں پوشانہ سے پیر کی گلی سڑک کی سطح بھی انتہائی خراب ہے اور کئی مقامات پر لگاتار چھوٹے چھوٹے پتھر گرتے رہتے ہیں۔
افسر نے بتایا کہ جمعرات کو کلو میٹر 38 تک سڑک سے پسیاں اور ملبہ صاف کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر موسم صاف رہا تو آنے والے دو دنوں تک سڑک کو ٹریفک آمد ورفت کے قابل بنا دیا جائے گا۔