عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے جموں میں پولیس فائرنگ کے دوران نوجوان کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک جاری بیان میں میاں الطاف نے نوجوان محمد پرویز، ساکن نکی توی، کی پولیس فائرنگ میں ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی فوری اور تیز رفتار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ نوجوان کا دن دہاڑے قتل ہے، انتظامیہ کو اس واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیے اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔‘‘
میاں الطاف نے اس واقعے کو افسوسناک اور ناقابلِ قبول قرار دیا اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
جموں میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت: رکُن پارلیمان میاں الطاف کا اظہارِ افسوس
