یو این آئی
جموں// جموں کے ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر مشتبہ ڈرون کی نقل وحمل دیکھی گئی جس کے بعد بی ایس ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ درمیانی شب بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) نے جموں کے ارینا سیکٹر میں مشتبہ پاکستانی ڈرون کی نقل وحمل دیکھی ۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم وہاں سے کچھ نہیں ملا۔
واضح رہے کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک مشتبہ پاکستانی ڈورن پر فائرنگ کی لیکن وہ واپس بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔
حکام کا ماننا ہے کہ پاکستان ڈورنز کا استعمال کرکے جموں وکشمیر میں ہتھیار اور منشیات بھیجتا ہے۔
جموں وکشمیر پولیس نے سرحد پر ڈورن نظر آنے کی اطلاع دینے والے کو 3 لاکھ روپیے نقدی انعام سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
فوج کے سینئر آفیسران یومیہ سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔