عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// جموں صوبہ کے ریاسی ضلع کے چسانہ پٹی علاقے میں گزشتہ شب کچے مکان پر مٹی کے تودے گرنے سے تین کمسن بچوں سمیت چار افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ 2 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کندردھن چسانہ میں مسلسل بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے ایک گھر زمین بوس ہو گیا جس میں چار افراد زندہ دفن ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کی رات جب مٹی کا تودہ گرا تو متاثرین سو رہے تھے۔
پولیس ذرائع نے متوفین کی شناخت فضل اختر زوجہ محمد فرید، عمر تقریباً 30 سال، نسیمہ اختر دختر محمد فرید، عمر 5 سال، صفینہ کوثر دختر محمد فرید، عمر 3 سال، اور سمرین کوثر دختر محمد فرید، عمر 2 ماہ کے طور پر کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقع میں دو افراد، کالو ولد جمعہ، عمر تقریباً 60 سال، اور بانو بیگم، زوجہ کالو، عمر تقریباً 58 سال زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام لاشیں ریسکیو ٹیموں نے نکال لی ہیں جبکہ حکام موقع پر موجود ہیں۔