شاہ نواز
ریاسی // ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور کے کنسولی گاؤں کی ایک ماں اور اس کا بیٹا گزشتہ شام گجنہ والی ڈوک کے قریب کٹھا نالہ عبور کرتے ہوئے تیز بہاؤ میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے ریسکیو کارروائی شروع کی اور 41 سالہ زلفہ بیگم کی نعش کو تلاش کرلیا، تاہم ان کے گیارہ سالہ بیٹے بشارت احمد کی نعش شام تک برآمد نہ ہوسکی۔
پیر کی صبح طلوع ہوتے ہی مقامی رضاکاروں کے ساتھ پولیس پوسٹ کھوڑ گلاب گڑھ کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد بشارت احمد کی نعش بھی بازیاب کرلی گئی۔ بعد ازاں دونوں میتیں لواحقین کے حوالے کی گئیں۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے ڈی ایس پی ساڑھ اور پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات کی محنت کے بعد ریسکیو کارروائی مکمل کی۔