جموں/ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سندربنی تحصیل کے تانڈا کانگری علاقے میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے ایک خاتون اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ دلخراش واقعہ 2 اور 3 ستمبر کی درمیانی رات پیش آیا، جب رتن لعل کی اہلیہ سیتا دیوی اور ان کی بیٹی سونیا رتن لعل اپنے مکان کے اندر موجود تھیں۔ اچانک مکان کی دیوار منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں دونوں ملبے کے نیچے دب کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد دونوں کی لاشوں کو باہر نکالا۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ علاقے میں جاری لگاتار بارشوں کا نتیجہ ہے۔
پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
راجوری میں مکان کی دیوار گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق
