عظمیٰ ویب ڈیسک
سرنگر//موسم کی خود مختار پیشگوئی کرنے والے کشمیر ویدر کے بانی فیضان عارف نے جمعرات کو کہا’’جموں و کشمیر میں آج موسم زیادہ تر خشک رہنے اورکچھ علاقوں میں ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
فیضان نے کہا کہ دوپہر کے آخر تک، چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، زیادہ تر بلندی پر۔ ہلکی بارش یا گرج چمک سے جہلم کے پانی کی سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ موسم کے لحاظ سے، کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دریا کی صورتحال پر عارف نے مزید کہا’’جہلم کے پانی کی سطح بہت سست رفتاری سے کم ہونے کی توقع ہے۔ سنگم میں، پانی کو خطرے کے نشان سے نیچے آنے میں چھ سے سات گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ رام منشی باغ میں، سطح خطرے کے نشان سے نیچے گرنے میں تقریباً ایک دن لگ سکتا ہے۔عشم میں، پانی کی سطح 6013 سے 1930 کے درمیان رہنے کا امکان ہے‘‘
دریں اثنا، ڈویژنل کمشنر کشمیر، انشول گرگ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا’’سنگم اور رام منشی باغ میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے لیکن اب بھی خطرے کی سطح سے اوپر ہے اور اس لیے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ زونی پورہ کے قریب جہلم بنڈمیں شگاف سے متاثرہ شالینہ، رکھ شالینہ، سیر باغ اور سمر بگ میں احتیاطی انخلاء جاری ہے ۔ اسی طرح کی ایڈوائزری لسجن، سوئیہ ٹینگ، نوگام، ویتھ پورہ، پادشاہی باغ اور مہجور نگر کے علاقوں کے لیے بھی جاری کی گئی ہے‘‘۔
گرگ نے مزید کہا کہ ریونیو، پولیس، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف پر مشتمل گیارہ ریسکیو ٹیمیں ان علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے کام پر ہیں۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پرسکون رہیں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
عوامی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 0194-2502254 اور0194-2950767/10170 کو فعال کر دیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر میں زیادہ تر خشک موسم متوقع، شام کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان
