عظمیٰ ویب ڈیسک
اورنگ آباد/مراٹھواڑہ خطے میں جاری مانسون نے اس دہائی کی سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں یکم جون 2025 سے اب تک 52 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر کے دفتر کی رپورٹ کے مطابق ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں اگست کے اوائل اور آخر میں آئے سیلاب کےدو بڑے واقعات کے سبب فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو بھی امدادی کارروائی کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ پورے خطے میں بجلی گرنے کے متعدد واقعات بھی انسانی جانوں اور مویشیوں کی ہلاکت کی بڑی وجہ بنے۔تفصیلی اعداد و شمار کے مطابق ناندیڑ میں سب سے زیادہ 18 افراد ہلاک ہوئے، اورنگ آباد میں 11 افراد نے اپنی جانیں گنوائیں۔۔ ہنگولی اور بیڑ اضلاع میں چھ ،چھ افراد جاں بحق ہوئے، پربھنی میں پانچ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ جالنہ اور عثمان آباد اضلاع میں تین، تین افراد لقمۂ اجل بنے۔
مانسون کی اس شدید بارش نے زرعی شعبہ کو بدترین نقصان پہنچایا۔ مراٹھواڑہ کے آٹھوں اضلاع میں مجموعی طور پر 5.62 لاکھ ہیکٹر زرعی رقبے پر کھڑی فصلیں برباد ہو گئیں، جس سے تقریباً 15.78 لاکھ کسان متاثر ہوئے۔ صرف ناندیڑ میں ہی 2.62 لاکھ ہیکٹر زمین پر کھڑی فصلیں ختم ہو گئیں جبکہ ہنگولی میں 1.24 لاکھ ہیکٹر پر فصلیں تباہ ہوئیں۔ ابتدائی سروے کے مطابق متاثرہ رقبے کا تقریباً 45 فیصد احاطہ ہو چکا ہے اور نقصانات کے تخمینے اور معاوضے کی ادائیگی کے لیے سروے تیزی سے جاری ہیں۔
مویشیوں کے حوالے سے بھی اعداد و شمارتشویشناک ہیں۔ اب تک 1,049 جانوروں کی ہلاکت درج کی گئی جن میں گائے، بکریاں اور مرغیاں شامل ہیں۔ یہ اموات زیادہ تر ڈوبنے، بجلی گرنے یا پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔ مکانات کی تباہی بھی بہت زیادہ رہی، تقریباً 3,388 مکانات یا تو زمین بوس ہو گئے یا رہائش کے قابل نہیں رہے، جس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور فوری طور پر پناہ اور بازآبادکاری کی ضرورت ہے۔
یکم جون سے اب تک مراٹھواڑہ میں اوسطاً 606.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جو اس خطے کےمعمول کے موسم کا 108.7 فیصد ہے۔ مسلسل اور شدید بارش کے سبب 3,960 دیہات متاثر ہوئے اور کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ حالانکہ ذخائر کی سطح 94.36 فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کے 89.32 فیصد سے زیادہ ہے، مگر بارش کے واقعات کی شدت نے کھڑی فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔
ریاستی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے ریلیف اور بحالی کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ دیہات میں گاؤں کی سطح پر پنچنامے تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ نقصان کی مکمل تفصیل درج کی جا سکے اور کسانوں اور متاثرہ خاندانوں کو ابتدائی معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔ حکومت نے فصلوں، مویشیوں اور مکانات کے نقصان کے لیے جامع معاوضہ پیکج کا اعلان کیا ہے تاکہ ہر متاثرہ کسان اور شہری تک بروقت امداد پہنچ سکے۔ ڈویژنل کمشنر کا دفتر اس سنگین صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے حالیہ برسوں کا سب سے تباہ کن مانسون قرار دیا جا رہا ہے۔
مراٹھواڑہ میں مانسون کی تباہ کاریاں، اب تک 52 ہلاکتیں، لاکھوں کسان متاثر ، فصلوں اور مکانات کوشدید نقصان
