عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سابق کرکٹر اور کپتان محمد اظہرالدین نے اپنے دورہ کشمیر کے دوران جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اور اس دوران وادی میں کرکٹ کے فروغ پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ موصوف کرکٹر نے وادی کے لوگوں کا ان کی بے پناہ محبت اور گرمجوشی کے لیے شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اظہر الدین اتوار کو کشمیر کے دورے کے لئے سری نگر پہنچے تھے۔اپنے دورہ کشمیر کے دوران انہوں نے جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ بھی ملاقات کی۔
موصوف کرکٹر نے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا سری نگر میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ صاحب اورڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔انہوں نے کہاہم نے وادی میں کرکٹ کی بہتری اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ان کے وژن کے بارے میں بات کی۔ ان کی مہمان نوازی کے لیے ان کا مشکور ہوں۔
اظہر الدین نے کہاگذشتہ دو دنوں کے دوران، میں نے جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے ساتھ بھی بات چیت کی، ان کا جذبہ اور ہنر واقعی متاثر کن ہے۔انہوں نے اہلیان وادی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاوادی کے لوگوں کی بے پناہ محبت اور گرمجوشی کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔سابق کپتان نے گذشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن یہاں معیاری انفرااسٹرکچر اور نوجوانوں کی مناسب کوچنگ کی ضرورت ہے۔