عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پہلگام حملے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور فوجی کی کارروائی کے بعد حکومت نے کل جماعتی میٹنگ بلائی، لیکن مسٹر مودی نے آج بھی اس میں شرکت نہیں کی، جو کہ انتہائی مایوس کن صورتحال ہے۔
کُل جماعتی میٹنگ کے بعد مسٹر کھڑگے نے کہا کہ حکومت نے پہلگام حملے کے سلسلے میں دوسری میٹنگ بلائی، لیکن مسٹر مودی نہ تو پہلی میٹنگ میں آئے اور نہ ہی آج شرکت کی۔ بہتر ہوتا اگر مسٹر مودی آتے کیونکہ سب چاہتے تھے کہ وزیر اعظم بھی اس کل جماعتی میٹنگ میں آئیں اور مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کریں کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف کس طرح کارروائی کی اور ملک کے فوجیوں نے کس طرح ہمت دکھائی۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس معاملے پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کھڑگے نے کہا، “ہم چاہتے تھے کہ مسٹر مودی میٹنگ میں شرکت کریں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں اپنے خیالات پیش کریں، لیکن وہ نہیں آئے، وہ پچھلی میٹنگ میں بھی نہیں آئے، یہ بہت افسوسناک صورتحال ہے، لیکن سب مل کر کام کر رہے ہیں اور حکومت جو بھی قدم اٹھا رہی ہے اس کی متفقہ حمایت کر رہے ہیں۔ پوری اپوزیشن حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ دریں اثنا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس وقت ایسے سوالات نہ پوچھے جائیں جو ڈیفنس سیکریٹ سے متعلق ہوں، ایسے وقت میں ہم انہیں عام کرنا نہیں چاہتے۔ ہم تمام جماعتوں نے بھی اس کو سنجیدگی سے لیا اور اس موضوع پر کوئی سوال نہیں کیا۔ سب نے کہا کہ یہ نازک وقت ہے تو سوال نہیں کریں گے۔ اس کے بعد ہم نے کوئی سوال نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے حکومت پر کوئی دباؤ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں ہم سب نے یہ مسئلہ اٹھایا کہ پونچھ کے سرحد پر رہنے والے لوگوں کے لیے سخت سیکورٹی ہونی چاہیے۔ حکومت کو وہاں رہنے والے لوگوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کرنے چاہئیں۔ وہاں سول انتظامیہ اور لوگوں کے درمیان بہتر تال میل ہونا چاہیے۔ یہ بحران کا وقت ہے اور ملک کے مفاد میں جو بھی قدم اٹھایا جائے گا ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے کوئی ملٹری ایکشن نہیں لیا ہے۔ صرف انہیں مقامات پر حملہ کیا ہے، جہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہیں اور دہشت گردوں کو پناہ دی جاتی تھی۔ تمام پارٹیوں نے اپنے اپنے خیالات پیش کئے اور کہا کہ ہم فوج کے ساتھ ہیں۔
کھڑگے نے کہا، “میٹنگ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حکومت سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس معاملے پر وسیع بحث ہونی چاہیے۔ اس سے اتحاد کا پیغام جائے گا اور لوگوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ اپوزیشن حکومت کے اقدامات اور مسلح افواج کے اقدامات کی پوری طاقت سے حمایت کرتی ہے۔”
میٹنگ میں مودی کی غیر حاضری مایوس کن ، لیکن ہم حکومت کے ہر قدم کی حمایت کریں گے: کھڑگے
