عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی مہم کی قیادت کریں گے۔
پارٹی کی جانب سے انتخابی کمیشن کو دی گئی 40 سٹار کمپینرز کی فہرست میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی شامل کیا گیا ہے جو جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے لیے سٹار کمپینر ہیں۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری، منوہر لال کھٹر، جی کشن ریڈی، شیو راج سنگھ چوہان، جتیندر سنگھ اور سابق مرکزی وزراء انوراگ ٹھاکر اور سمرتی ایرانی اور جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ کے علاوہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور سابق ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر دیگر نمایاں چہرے ہوں گے جو انتخابی مہم کے دوران جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔
جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کا شیڈول 18 ستمبر، 25 ستمبر اور 1 اکتوبر کو ہے۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور انچارج ہیڈکوارٹر ارون سنگھ نے انتخابی کمیشن کو لکھے گئے ایک مکتوب میں کہا کہ پارٹی کے 40 سٹار کمپینرز کی فہرست کو باقی مراحل کے لیے بھی درست سمجھا جائے جب تک کہ ہم مقررہ وقت میں ترمیم شدہ فہرست نہ بھیجیں۔
فہرست میں سابق بی جے پی جنرل سیکرٹری اور حال ہی میں جموں و کشمیر کے انتخابی انچارج رام مادھو، پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری انچارج جموں و کشمیر ترون چُگ، جموں و کشمیر بی جے پی چیف رویندر رینہ، ممبر پارلیمنٹ جگُل کشور شرما، راجیہ سبھا کے رکن غلام علی کھٹانہ، جنرل سیکرٹری (تنظیم) اشوک کول اور جموں و کشمیر بی جے پی کے نائب صدر صوفی یوسف بھی شامل ہیں۔