نئی دہلی// جموں، بھارتی ریلوے کا 68 واں ریلوے ڈویژن ملک کا پہلا ہائی ماؤنٹین ریلوے ڈویژن ہوگا جو پنجاب کے پٹھان کوٹ سے شروع ہو کر شمالی ہماچل پردیش، جموں و کشمیر تک پھیلے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی سال 2025 کے آغاز میں جموں و کشمیر کو ایک علیحدہ ریلوے ڈویژن کا تحفہ دینے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اتوار کو ویڈیو لنک کے ذریعے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کریں گے۔ وہیں جموں میں افتتاحی پروگرام میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ریلویز، اطلاعاتی نشریات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی وشنو، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ موجود ہوں گے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق جموں ریلوے ڈویژن پٹھان کوٹ سے شروع ہوگا۔ یہ ریلوے ڈویژن پٹھان کوٹ سے بارہمولہ تک 423 کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے بھیگپور تک 87 کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے بٹالہ تک 68 کلومیٹر، پٹھانکوٹ سے جوگندر نگر تک 163.72 کلومیٹر، کل 741.72 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ تزویراتی لحاظ سے اہم بلاس پور-منالی-لیہہ ریلوے لائن جو مستقبل میں تعمیر کی جائے گی وہ بھی جموں ڈویژن کے تحت آئے گی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر اور ہماچل پردیش کا مذکورہ ریلوے نیٹ ورک اس وقت شمالی ریلوے کے فیروز پور ڈویژن کے تحت آتا ہے۔ فیروز پور ریلوے ڈویژن شمالی ہندوستان کے سب سے زیادہ منافع بخش ریلوے ڈویژن کے طور پر جانا جاتا ہے۔
جموں ملک کا پہلا ہائی ماؤنٹین ریلوے ڈویژن ہوگا، وزیراعظم اتوار کو افتتاح کریں گے
