عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں المناک انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ بھارت-ایران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیرِ اعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے المناک انتقال پر گہرا دکھ اور صدمہ ہوا ہے۔ بھارت-ایران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ میری دلی تعزیت۔ بھارت دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے”۔
بتادیں کہ ایران کے صدر اور وزیرِ خارجہ، کچھ ہائی پروفائل افراد سمیت کم از کم 9 افراد ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔