عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پاکستان سے جاری کشیدگی کے درمیان سرحد سے متصل چار ریاستوں جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان اور گجرات کے ساتھ ہریانہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے چنڈی گڑھ میں ہفتہ کو ماک ڈرِل ہوگی۔ ’آپریشن شیلڈ‘ کے تحت ہونے والے اس ڈرِل میں فضائی حملوں سے بچنے کی مشق کرائی جائے گی۔ ساتھ ہی تحفظاتی اور ہنگامی انتظامات کی بھی جانچ ہوگی۔ اس کے بعد دیر شام کو ’بلیک آؤٹ‘ کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔ ’آپریشن شیلڈ‘ کے تحت پہلے یہ ڈرِل جمعرات کو ہونی تھی لیکن انتظامی وجوہات سے اسے معطل کر دیا گیا۔ پاکستان کے ساتھ 10 مئی کی شام سے نافذ جنگ بندی کے بعد پہلی بار ماک ڈرِل کرائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ کو چھ ریاستوں میں ہونے والے ماک ڈرِل کی تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔ افسروں نے جمعہ کو میٹنگ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں کو ضروری ہدایتیں دیں۔ شہری سلامتی کے افسروں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے گزارش کی ہے کہ وہ سبھی مقامی انتظامیہ کو شامل کرتے ہوئے ہفتہ کو شام 5 بجے سے ماک ڈرل کا منصوبہ بنائیں اور اس کا انعقاد کریں۔
فائر سروسز اور ہوم گارڈ ڈائرکٹوریٹ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ ’ماک ڈرل‘ میں دشمن کے طیاروں، ڈرون اور میزائل حملوں کا سامنا کرنے کے طریقے بتائے جائیں گے۔ اس دوران سائرن بجایا جائے گا اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا بھی تجربہ کیا جائے گا۔
’آپریشن شیلڈ‘ کے دوران شہری سلامتی کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی تیاری کو یقینی کرنے، این سی سی، این ایس ایس، بھارت اسکاؤٹ اور گائیڈ جیسے رضاکاروں کی خدمات حاصل کرنے، دشمن کے طیاروں و میزائل حملوں کے تعلق سے فضائیہ اور سیکوریٹی کنٹرول روم کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے، فضائی حملوں کے سائرن کو فعال کرنے، بلیک آؤٹ یقینی کرنے، عوام و املاک کے تحفظ جیسی مختلف کارروائی کی جائے گی۔ اس سے پہلے پہگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر 7 مئی کو 244 ضلعوں میں ماک ڈرل کا انعقاد کیا گیا تھا۔
آپریشن شیلڈ: پاکستان کی سرحد سے متصل ریاستوں میں ماک ڈرِل آج، دیر شام دیکھنے کو ملے گا ’بلیک آؤٹ‘ کا نظارہ
