عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں کے کوٹ بھلوال علاقے میں واقع ہائی سیکورٹی سنٹرل جیل کے احاطے سے ایک موبائل فون، ایک ایئر فون اور ایک اڈاپٹر ضبط کیا گیا ہے، تاہم فون میں سم کارڈ نہیں تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ ضبطی جیل احاطے سے پولی تھین بیگ سے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جیل کی حفاظت سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکار کر رہے ہیں جس میں غیر ملکی اور مقامی دہشت گرد قید ہیں، اہلکاروں نے پولی تھین بیگ کو دیکھا اور متعلقہ تھانے کو مطلع کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور پولی تھین بیگ کی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں اس سے ایک فون اور دیگر لوازمات برآمد ہوئے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون کو تفصیلی تجزیہ کے لیے فرانزک ماہرین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پولی تھین بیگ کو جیل کے اندر سے کسی نے چھوڑا تھا یا باہر سے پھینکا تھا۔