جموں// جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ہفتہ کے روز اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ ایوان کی کاروائی میں قواعد و ضوابط کی مکمل جانکاری کے ساتھ حصہ لیں تاکہ ایگزیکٹو کو جوابدہ بنایا جا سکے۔
ان باتوں کا اظہار انہوں نے پارلیمانی تحقیقاتی و تربیتی انسٹی ٹیوٹ (PRIDE) اور لوک سبھا سیکریٹریٹ کی جانب سے 9 سے 11 جنوری تک اسمبلی کمپلیکس میں منعقدہ تین روزہ تربیتی پروگرام کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نومنتخب اراکین کو قواعد و ضوابط اور ایوان کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا اور ان کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنائے گا۔
راتھر نے زور دیا کہ نو منتخب اراکین کو مہذب انداز میں پیش آنا چاہیے اور جمہوری اقدار کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب اراکین اس پروگرام سے مستفید ہوں گے اور یہ پروگرام ان کے مؤثر کردار کو یقینی بنائے گا۔
سپیکر نے پروگرام کے انعقاد پر ایم پیز اور PRIDE ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔