عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لنگیٹ حلقہ انتخاب سے رکنِ اسمبلی شیخ خورشید نے اپنے حلقے میں کئی نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ ان نوجوانوں کو مبینہ طور پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم میں شرکت کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔شیخ خورشید نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جمہوری اقدار کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر گرفتار نوجوانوں کو رہا کرے۔
انہوں نے کہا کہ “جمہوری معاشرے میں ہر فرد کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے، اور اگر نوجوان پرامن طور پر کسی مہم میں شامل ہوتے ہیں تو یہ ان کا آئینی حق ہے۔”انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی پرامن مہم کی بنیاد پر گرفتاریوں کا سلسلہ نہ صرف نوجوانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے بلکہ جمہوریت کے اصولوں پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
شیخ خورشید نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی آواز دبانے کی کوششیں معاشرتی بے چینی کو جنم دے سکتی ہیں۔ “میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور بلا تاخیر ان لڑکوں کو رہا کرے، تاکہ عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد بحال رہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی رہائی کے حوالے سے وہ اپنا اثررسوخ استعمال کرئے۔ممبر اسمبلی لنگیٹ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا :’پولیس کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اس وقت عوامی حکومت برسر اقتدار ہے لہذا اس طرح کی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔ ‘
ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید کا نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج
