عظمیٰ ویب ڈیسک 
سری نگر/میرواعظِ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے جمعہ کے روز تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نمازِ جمعہ سے قبل ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور عالمی طاقتوں سے اشتعال انگیزی کی بجائے امن و انصاف کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام، خصوصاً معصوم بچوں اور خواتین پر بمباری اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور اخلاقیات کے مکمل زوال کی نشاندہی کرتا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ فلسطین کے عوام ناقابل بیان ظلم و مصائب کے باوجود ثابت قدم اور باہمت ہیں۔ ان کا درد ہمارا درد ہے اور ان کی جدوجہد دراصل پوری انسانیت کی جدوجہد ہے۔انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں قتل و غارت کو روکنے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اقدامات کریں۔مزید برآں، میرواعظ نے امریکہ کی جانب سے کئی دہائیوں بعد دوبارہ ایٹمی تجربات شروع کرنے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات موجودہ عالمی حالات میں نہایت خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پہلے ہی جنگوں، تباہی اور انسانی المیوں سے دوچار ہے، ایسے میں جوہری تجربات اور ہتھیاروں کی دوڑ انسانیت کو مزید تباہی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔میرواعظ عمر فاروق نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا کو مزید جنگوں، ہتھیاروں اور نفرتوں کی نہیں بلکہ دانائی، انصاف اور رحم دلی کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا کو غیر جوہری بنانے، عسکریت پسندی سے دور رہنے اور انسانیت کے احترام کو بحال کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
میرواعظ عمر فاروق کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
 
			 
								 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		