عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چشوتی علاقے میں بادل پھٹنے کے المناک واقعے نے خطے کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس قدرتی آفت میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم دشوار گزار جغرافیائی حالات کی وجہ سے امدادی عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس سانحے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے، میرواعظ مولوی عمر فاروق نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر کہا، ’چشوتی، کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے سانحے نے دل کو مغموم کر دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا جموں و کشمیر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور امید ہے کہ حکومتی سطح پر بروقت اقدامات کے ذریعے مزید جانی نقصان روکا جا سکے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاستی و مرکزی سطح سے ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ فوری طور پر متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر متاثرہ مقامات کی طرف نہ جائیں تاکہ امدادی کام میں رکاوٹ نہ ہو۔
کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے قیمتی جانیں ضائع، میرواعظ عمر فاروق کا گہرے رنج و غم کا اظہار
