سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات، درجہ حرارت منفی 4.6

Photo: Mubashir Khan/Tangmarg

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ چلہ کلاں جیسی شدید سردیوں کا زور جاری ہے اور اس دوران جہاں سری نگر میں رواں سیزن کی اب تک کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے وہیں سیاحتی مقام پہلگام کو مسلسل چوتھے دن بھی سرد ترین جگہ رہنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 11 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 12 سے 15 دسمبر تک موسم میں تبدیلی رونما ہوسکتی ہے اور اس دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں اگلے تین دنوں کے دوران شبانہ درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ کی گراوٹ درج ہوسکتی ہے تاہم بعد ازاں اس میں 15 دسمبر تک بہتری متوقع ہے۔