جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع پونچھ کے مینڈھر میں بدھ کو ایک شخص کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی جبکہ ایک کمسن لڑکی پتھر کی زد میں آ کر لقمہ اجل بن گئی ہے۔
مینڈھر کے علاقے سلواہ میں دوسری جماعت کی ایک طالبہ جے سی بی مشین سے اڑنے والے پتھر کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی۔ زہرا چوہدری دختر ظفر اقبال سکول سے واپس آرہی تھی کہ راستے میں جے سی بی مشین سڑک کی کٹائی کا کام کر رہی تھی۔ اسی دوران اوپر سے ایک پتھر اڑ کر زہرا کو لگا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ فوری طور پر اسے سب ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی دوران مینڈھر میں ایک 38 سالہ شخص کی دوران کام کے دوران پراسرار طور پر موت واقع ہوگئی۔
مقصود خان ولد محمد اختر، جو مستری کا کام کر رہا تھا، زیر تعمیر مکان میں بے ہوش پایا گیا۔ اسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔