راجوری// ضلع راجوری کے بڈھال گاؤں میں اتوار کو پراسرار بیماری کے باعث ایک 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے 5 بہن بھائیوں کو شدید علالت کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بڈھال گاؤں میں پیش آیا، جہاں گزشتہ سال دسمبر میں پراسرار بیماری کے نتیجے میں دو خاندانوں کے نو افراد لقمہ اجل بن گئے۔
حکام کے مطابق، محمد اسلم کے چھ بچوں کو ہفتہ کی شام طبی معائنہ کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کانڈی لایا گیا، جہاں سے انہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں، چار بچوں کو مزید علاج کے لیے میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیا گیا، جہاں ایک بچی نے اتوار کی صبح دم توڑ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دو بہن بھائی جی ایم سی راجوری کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ باقی تین بچے جموں کے جی ایم سی ہسپتال میں داخل ہیں۔
جی ایم سی جموں کے پرنسپل ڈاکٹر اشوتوش گپتا نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں ان اموات کی ممکنہ وجہ وائرس انفیکشن معلوم ہوئی ہے، لیکن حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔
اس معاملے پر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پونے، پی جی آئی چندی گڑھ، ایمس دہلی، اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی) دہلی کی ماہرین پر مشتمل ٹیموں نے گاؤں کا دورہ کر کے تحقیقات میں حصہ لیا۔
اسی دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) تیجندر سنگھ، اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گورو سکارور نے بدھال گاؤں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں طبی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ ضروری طبی معائنہ کیا جا سکے۔
راجوری میں پراسرار طور پر کمسن جاں بحق، 5 دیگر ہسپتال داخل
