عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزارت خارجہ اور وزارت دفاع ہفتہ کے روز ’’آپریشن سندور‘‘کے حوالے سے ایک اہم بریفنگ دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق بریفنگ صبح 10:30 بجے شروع ہوگی۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہفتہ کے روز پاکستان کی جانب سے راجوری ضلع کے شہری علاقوں پر شدید شیلنگ کی گئی، جس سے بھاری نقصان ہوا اور مقامی باشندوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب، ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے ہفتے کے روز بھارت کے 26 مقامات پر حملے کے بعد، بھارت نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی فضائی حملے کیے۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح بھارت نے پاکستان کے کم از کم چار فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
وزارت دفاع کے مطابق پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی کے 26 مقامات پر ڈرونز کی موجودگی دیکھی گئی ہے، جن میں مشتبہ مسلح ڈرونز بھی شامل ہیں۔ یہ مقامات بارہ مولہ، سرینگر، اوانتی پورہ، ناگروٹہ، جموں، فیروزپور، پٹھان کوٹ، فاضلکہ، لال گڑھ جٹا، جیسلمیر، باڑمیر، بھُج، کوربیٹ اور لَکھی نالا شامل ہیں۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ فیروزپور میں ایک مسلح ڈرون نے شہری علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے ایک مقامی خاندان کے کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محفوظ بنا دیا ہے۔ بھارتی مسلح افواج ہائی الرٹ پر ہیں، اور تمام فضائی خطرات کو ٹریک کر کے کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کے ذریعے ختم کیا جا رہا ہے۔
صورتحال پر مسلسل کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور جہاں کہیں بھی ضرورت ہو فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ سرحدی علاقوں کے شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ اگرچہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، تاہم چوکسی اور احتیاط بے حد ضروری ہے۔
وزارت دفاع اوروزارتِ خارجہ کی ’’آپریشن سندور‘‘سے متعلق آج صبح 10:30بجے
