عظمیٰ ویب ڈیسک
پٹن/وزیرِ صحت و تعلیم سکینہ ایتو نے منگل کے روز سب ضلع ہسپتال پٹن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ایل اے پٹن اور چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے کئی ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا، جس پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سے رابطہ کیا اور غیر حاضر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کے احکامات صادر کیے۔
سکینہ ایتو نے اسپتال میں ادویات اور ضروری سہولیات کی کمی پر تشویش ظاہر کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت جلد ہی تمام ضروریات پوری کرے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عملے کی حاضری کی باقاعدہ نگرانی کی جائے، ادویات و آلات کی دستیابی میں بہتری لائی جائے، اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیر موصوفہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں جوابدہی اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہی مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند کرنے کی کلید ہے۔
وزیرِ صحت سکینہ ایتو کا پٹن اسپتال کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کے احکامات صادر کئے
