عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر /وادیٔ کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا۔ محکمۂ موسمیات کے عہدیداروں نے پیر کو بتایاسرینگر شہر نے اس موسم کی پہلی منفی درجہ حرارت والی رات کا سامنا کیا ۔محکمہ کے مطابق، اتوار اور پیر کی درمیانی رات سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اب تک موسم کی سب سے سرد رات رہی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت موسم کے معمول سے دو ڈگری کم رہا۔وادی کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا، سوائے جنوبی کشمیر کے کوکرناگ کے جہاں کم از کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔سیاحتی مقام پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس جبکہ گلمرگ میں منفی 0.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح گیٹ وے آف کشمیر قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سیلسیس اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں منفی 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمۂ موسمیات نے 15 نومبر تک وادی میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
وادی میں منفی درجہ حرارت کی دستک ، سرینگر میں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ