عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نالین پربھات نے بدھ کو ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ جنگلات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارا گیا ملی ٹینٹ کالعدم تنظیم جیشِ محمد کا اعلیٰ کمانڈر حیدر تھا، جو گزشتہ چار برسوں سے علاقے میں سرگرم تھا۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے پولیس اسٹیشن اکھنور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’ہماری انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ حال ہی میں بسنت گڑھ کے علاقے میں ہمیں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی جہاں ایک سینئر جیش محمد کمانڈر کو ہلاک کیا گیا، جو کہ پچھلے چار سال سے اس علاقے میں سرگرم تھا۔ ہم ایک ایک کر کے تمام ملی ٹینٹوںکا خاتمہ کریں گے۔‘
واضح رہے کہ 26 جون کو پاکستان سے تعلق رکھنے والا جیشِ محمد کا ملی ٹینٹ ، جس کا کوڈ نام ’مولوی‘ تھا، بسنت گڑھ کے گھنے جنگلات میں ایک تصادم کے دوران مارا گیا تھا۔ تاہم خراب موسم، مشکل جغرافیہ اور گھنے جنگلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ڈی جی پی نے موجودہ وقت میں جموں کے جنگلاتی علاقوں میں سرگرم دہشت گردوں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار عوامی طور پر نہیں بتائے جا سکتے۔
پولیس سربراہ نے عوام اور پولیس کے درمیان بہتر روابط کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر پولیس کی کامیابی ممکن نہیں۔ڈی جی پی نالین پربھات نے کہا:’اکھنور سیکٹر میں امسال کے اوائل میں جو کامیاب آپریشن ہوا وہ عوام سے ملنے والی بروقت اطلاع کی بدولت ممکن ہو سکا۔ عوامی تعاون کے بغیر بڑے چیلنجز کو عبور کرنا مشکل ہوتا۔‘انہوں نے سابق ایس ایچ او طارق احمد، ایس ڈی پی او موہن شرما اور ایس پی برجیش شرما کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور فرض شناسی 2024 میں مثالی رہی۔ انہوں نے موجودہ ایس ایچ او سنجیو چھب اور ایس ڈی پی او وریندر گپتا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسی عزم و حوصلے سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
ڈی جی پی نے پولیس کی منشیات کے خلاف مہم، مویشی اسمگلنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارکردگی کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ جموں پولیس اپنی کارکردگی کے حوالے سے ایک مثال بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس سربراہ سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل گوپال شرما، آئی جی جموں زون بھیم سین تُتی، اور ڈی آئی جی شیو کمار کے ہمراہ اکھنور پولیس اسٹیشن میں ’ایوارڈ آف ایکسیلینس‘ کی تقریب میں شریک تھے، جو وزارت داخلہ کی سالانہ درجہ بندی میں جموں و کشمیر کے بہترین پولیس اسٹیشنز میں شامل کیا گیا ہے۔