ادھم پور تصادم: ملی ٹینٹ جاں بحق ، آپریشن ہنوز جاری: دفاعی ترجمان
عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ادھم پور کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوگیا جسکی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں مزید تین ملی ینٹوں کی موجودگی کا شبہ ہے جس کے پیش نظر اضافی اہلکاروں کو بھی جائے وقوعہ کی اور روانہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے بسنت گڑھ بہالی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوںنے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سکیورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خراب موسمی صورتحال اور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کو جائے تصادم تک جانے میں دقتیں پیش آئیں تاہم فوج اور پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر جائے وقوعہ کے نزدیک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی اور وہاں ایک دہشت گرد کی لاش دیکھی۔
انہوں نے کہاکہ جنگلی علاقے میں جیش سے وابستہ مزید تین نلی ٹینٹ کی موجودگی کی سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی ہے جس کے پیش نظر تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کردیا گیا ہے۔آئی جی جموں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ادھم پور کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلی علاقے میں جیش سے وابستہ چار ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے پیش نظر اضافی دستوں کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا فوج کی وائٹ نائٹ کور نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہامخصوص انٹلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے بسنت گڑھ کے بہالی علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہاملی ٹینٹوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جسکی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔‘انہوں نے مزید بتایا مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت اور اس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
ادھم پور میں جاری تصادم میں ایک ملی ٹینٹ جاں بحق : فوج
