عظمیٰ ویب ڈیسک
کٹھوعہ// جموں صوبہ کے سرحدی ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹ کو مار گرایا گیا ہے، جبکہ آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع میں منگل کی شام تین افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کے بعد ایک جنگلاتی علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ شام 7 بج کر 45 منٹ پر ہیرا نگر سیکٹر کے سیڈا سوہل گاوں میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی گئی، جس دوران ملی ٹینٹ ایک رہائشی گھر میں گھس گئے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے ابتدائی تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ مار گرایا ہے جبکہ آپریشن جاری ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ہیرا نگر سیکٹر کے گاوں سیدا میں ایک گھر پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ڈی سی کٹھوعہ ایس راکیش منہاس کے ساتھ مسلسل آن لائن رابطے میں ہوں۔ میں ایس ایس پی کٹھوعہ ایس ایچ عنایت علی چودھری سے بھی رابطے میں ہوں جو موقع پر موجود ہیں”۔
اُنہوں نے مزید کہا، ” جس گھر پر حملہ ہوا اس کا مالک (نام ظاہر نہیں کیا گیا) بھی موبائل فون پر رابطے میں ہے۔ پولیس اور پیرا ملٹری کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ اب تک ایک دہشت گرد کو مار گرایا گیا ہے۔ میں اور میرا دفتر مسلسل رابطے میں ہیں اور پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں”۔