عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// 20 اکتوبر کے گگن گیر حملے میں مطلوب ایک ملی ٹینٹ کو منگل کے روز پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ داچھی گام کے جنگلات میں ہونے والی جھڑپ میں ہلاک کر دیا گیا۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹ کی شناخت جونید احمد بٹ کے طور پر ہوئی ہے، جو گگن گیر حملے میں ملوث تھا، جس میں سات شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ جونید احمد بٹ مقامی لشکرِ طیبہ (LeT) کا کمانڈر تھا۔
پولیس ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ “جاری آپریشن میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہو گیا ہے جس کی شناخت جونید احمد بٹ (لشکرِ طیبہ، کیٹیگری اے) کے طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ ملی ٹینٹ گگن گیر، گاندربل کے شہریوں کے قتل اور کئی دیگر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھا”۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈاچی گام کے بالائی علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ایک افسر نے بتایا، “پیر کی شام علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا تھا”۔