عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/شمالی ضلع بانڈی پورہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے تین مشتبہ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، سی آر پی ایف کی سی/3 بٹالین، 13 راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور جموں و کشمیر پولیس نے تھانہ آرگم کے دائرہ اختیار میں آنے والے گاروڑہ چوراہے پر ایک مشترکہ ناکہ قائم کیا تھا۔ اس دوران چٹی بانڈی کی طرف سے آنے والے تین افراد نے ناکہ پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
سیکورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت طارق احمد ڈار، بلال احمد ڈار اور مدثر احمد لون کے طور پر ہوئی ہے، جو سب کے سب ضلع بانڈی پورہ کے شاہ گنڈ حاجن کے رہائشی ہیں۔
تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور دو اے کے سیریز میگزین، جن میں دس دس زندہ گولیاں موجود تھیں، برآمد کی گئیں۔پولیس اسٹیشن آرگم میں یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر نمبر 39/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔تینوں گرفتار شدگان کو مزید پوچھ گچھ اور تفتیش کے لیے جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر (جے آئی سی) بانڈی پورہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بانڈی پورہ میں تین مشتبہ ملی ٹینٹ معاونین گرفتار، اسلحہ برآمد، یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج
