عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے ہفتہ کو کہا کہ وزارت داخلہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکورٹی فراہم کر رہی ہے۔
پولے نے کہا کہ وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ جموں و کشمیر خطے میں سیکورٹی چیلنجوں اور پرامن انتخابی عمل کو انجام دینے کے لئے کیا ہے۔
پولے نے کہا، “گزشتہ 2-3 دہائیوں سے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے چیلنجز ہیں۔ حالیہ برسوں میں (دہشت گردی کے واقعات میں) کمی آئی ہے۔ یہ ایک آن اور آف صورتحال ہے۔ ہم نے سیکورٹی کے تفصیلی انتظامات کئے ہیں۔ امیدواروں، سیاسی جماعتوں، ہمارے آر او عہدیداروں، مبصرین، سٹرانگ رومز کے لیے، یہ سب کچھ وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا تھا اور اسی کے مطابق سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے‘‘۔
سی ای او جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے لیے حفاظتی انتظامات پر بات کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے ہیں۔
سی ای او نے کہا، “کوئی سیاسی تشدد نہیں ہوگا۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں”۔
حالیہ واقعات کے پیش نظر ڈوڈہ میں پولنگ سٹیشنوں پر فورسز کی اضافی تعیناتی کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا، ’’جن علاقوں میں حال ہی میں ملک دشمن عناصر کی سرگرمیاں بڑھی ہیں، ہم نے وہاں اضافی سیکورٹی فراہم کی ہے اور ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو بھی فعال کیا ہے۔ اس لیے مجموعی طور پر ایسا لگتا ہے کہ پرامن انتخابات ہوں گےــ”۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں 18، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔