عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سالانہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس کے پیش نظر وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے یاترا کے راستوں اور اردگرد کے علاقوں کی سکیورٹی کے لیے نیم فوجی دستوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ جموں و کشمیر بھر میں مجموعی طور پر 581 نیم فوجی کمپنیوں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ یاترا کو محفوظ اور پرامن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر کی انتظامیہ اور پولیس کو پہلے سے موجود 156 کمپنیوں کے استعمال کی اجازت دے دی ہے، جن میں 91 سی آر پی ایف، 30 ایس ایس بی، 15 سی آئی ایس ایف، 13 بی ایس ایف، اور 7 آئی ٹی بی پی یونٹس شامل ہیں۔ ہر یونٹ میں تقریباً 75 سے 80 اہلکار ہوں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مزید 425 کمپنیوں کو 10 جون تک جموں و کشمیر بھیجا جائے گا، جن میں 130 بی ایس ایف، 128 سی آر پی ایف (جس میں 5 خواتین یونٹس بھی شامل ہیں)، 67 ایس ایس بی، 55 آئی ٹی بی پی، اور 45 سی آئی ایس ایف کمپنیاں شامل ہوں گی۔ یہ فورسز یاترا کے اختتام یعنی 9 اگست تک اپنی خدمات سرانجام دیں گی، جس کے بعد انہیں واپس بلایا جائے گا۔تعینات کیے گئے دستوں کو مندر کی سکیورٹی، یاتری قافلوں کی نگرانی، حساس علاقوں میں سکیورٹی کی ذمہ داری، اور بالتل و پہلگام دونوں راستوں پر مسلسل موجودگی کو یقینی بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا۔
امرناتھ یاترا کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی دستوں کی تعیناتی،وزارت داخلہ نے منظوری دے دی
